ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : ڈپٹی کمشنر نے دی وارننگ ۔ کووڈ کیسس بڑھنے پر پھر سے لاگو ہو سکتا ہے لاک ڈاون

منگلورو : ڈپٹی کمشنر نے دی وارننگ ۔ کووڈ کیسس بڑھنے پر پھر سے لاگو ہو سکتا ہے لاک ڈاون

Sun, 01 Aug 2021 00:13:50    S.O. News Service

منگلورو 31/ جولائی (ایس او نیوز) کیرالہ میں کووڈ کے معاملات میں بہت زیادہ اضافہ کے بعد  جنوبی کینرا میں بھی پھر تازہ پوزیٹیو معاملوں میں کچھ تیزی آگئی ہے۔ اور ضلع انتظامیہ نے اس پر قابو پانے کے اقدامات کا از سر نو جائزہ لینا شروع کیا ہے۔
    
اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا نے عوام کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام نے کووڈ پروٹوکول پر پوری طرح سختی کے ساتھ عمل نہیں کیا اور ضلع میں کووڈ کے معاملات بڑھنے لگے تو پھر لاک ڈاون لگایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا : "ریاستی حکومت نے ڈپٹی کمشنرس کواپنے اضلاع کے حالات کا جائزہ لے کر مناسب اقدامات  کرنے کا اختیار دیا ہے ۔  عوام کو ماسک پہننے ، سماجی فاصلہ بنائے رکھنے اور بھیڑ بھاڑ سے بچنے کی طرف سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے ۔ ہوسکتا ہے کہ ہفتہ کے آخری دو دنوں کا کرفیو لاگو کرنا ضروری ہوجائے ۔ اس لئے عوام کو ناگ پنچھمی ، گنیش چترتی جیسے تہوار عوامی مقامات پر منانے کی اجازت نہ دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ تہواروں کو اپنے اپنے گھروں میں منائیں ۔ عوامی منتخب نمائندوں سے صلاح و مشورے کے بعد اس ضمن میں فیصلہ کیا جائے گا۔ آئندہ میٹنگ میں شادی کی تقریب میں 50افراد کی شرکت تک محدود کرنے پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ اگر شادیوں میں بھیڑ جمع ہوگئی تو پھر ضلع انتظامیہ کی طرف سے سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ریاستی حکومت کی ہدایات کے مطابق بشمول کیرالہ  سرحد سے جڑی ریاستوں سے کرناٹکا میں داخل ہونے والوں کے لئے آر ٹی پی سی آر نگیٹیو لانا لازمی ہوگا۔ جو لوگ روزانہ ان ریاستوں سے سفر کرتے ہیں ان کے لئے پاس جاری کرنے پر بھی غور ہورہا ہے جس کے بعد ہفتہ میں ایک بار ان کی جانچ کی جائے گی ۔"
    
خیال رہے کہ جنوبی کینرا میں گزشتہ دو دنوں سے پوزیٹیو کیسس کی شرح %5.76  سے %5.11 کو پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہفتہ قبل یہ شرح %4.6 تھی ۔


Share: